Friday, Aug 14, 2026
📍 Lahore | ⛅ 29°C | AQI: 2 (Fair)

ہم دیکھیں گے ۔ فیض احمد فیض

Jarida Recommends

 

ہم دیکھیں گے

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے

وہ دن کے جس کا وعدہ ہے

جو لوحِ ازل پہ لکھا ہے

ہم دیکھیں گے

 

جب ظلم و ستم کے کوہِ گراں

روئی کی طرح اُ ڑ جائیں گے

ہم محکوموں کے پاوٗں تلے

یہ دھرتی دھڑ دھڑ دھڑکے گی

اور اہلِ حکم کے سر اوُپر

جب بجلی کڑ کڑ کڑکے گی

ہم دیکھیں گے

 

جب ارضِ خدا کے کعبہ سے

سب بت اُٹھوائے جائیں گے

ہم اہلِ صفا مردودِ حرم

مسند پر بٹھلائے جائیں گے

سب تاج اُچھالے جائیں گے

سب تخت گرائے جائیں گے

 

بس نام رہے گا اللہ کا

جو غائب بھی ہے حاضر بھی

جو منظر بھی ہے ناظر بھی

اُٹھے گا انالحق کا نعرہ

جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو

اور راج کرے گی خلقِ خدا

جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو

ہم دیکھیں گے

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے

ہم دیکھیں گے

Share This Article
Leave a comment

Don’t Miss Our Latest Updates